ایف بی آر نے ٹرانسفر پوسٹنگ کے لیے اثر رسوخ استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق چوائس پوسٹنگ کے لیے اثر رسوخ استعمال کرنے والے افسران و اہل کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے بالخصوص فیلڈ اسائنمنٹ کے خواہاں افسران و اہلکاروں کی جانب سے اپنی مرضی کی ٹرانسفر و پوسٹنگ کے لیے بیرونی اثر رسوخ استعمال کرنے کا کلچر دیکھا گیا ہے جو باعث تشویش ہے۔
مراسلے کے مطابق بیرونی اثر رسوخ استعمال کر کے اپنی مرضی کی پوسٹنگ کے خواہاں مڈ لیول افسران ادارے کے جونیئر افسران کے لیے کیریئر کے انتخاب سے متعلق غلط ماڈل تشکیل دے رہے ہیں۔ ایسا رویہ ادارے کی سالمیت کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بیرونی اثر رسوخ کا استعمال گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 اور سول سرونٹس (ای اینڈ ڈی) رولز 2020 کی خلاف ورزی ہے۔ ایف بی آر کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ایسا ناگوار رویہ ان کی ملازمت سے برطرفی کا موجب بن سکتا ہے۔
ایف بی آر کا مستقبل میں اس طرح کا طرز عمل رکھنے والے افسر و اہلکار کو فوری طور پر معطل کرنے اور اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت تادیبی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر افسران و اہلکاروں کی جانب سے ٹرانسفر یا پوسٹنگ کے لیے بیرونی اثر رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے "مس کنڈکٹ" تصور کیا جائے گا جس پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔