سست رفتار انٹرنیٹ سے سرمایہ کاری کم ہوجائیگی ٹیلی کام ایسوسی ایشن کا وزیر اعظم کو خط

رفتار کم ہونے کے باعث فری لانسنگ ویب سائٹ نے پاکستانی فری لانسرز پر پابندی عائد کردی، خط کا متن


ویب ڈیسک August 22, 2024
انٹرنیٹ تریفک میں 6400 ٹیرا بائٹ کمی ہوئی، ٹیلی کام ایسوسی ایشن:فوٹو:فائل

ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی پر سنگین معاشی خدشات کا اظہار کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں پاکستان ٹیلی کام ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی رفتار کا مسئلہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کا سبب بنے گا۔ ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے درخواست کی کہ انٹرنیٹ میں خلل کی تکنیکی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے انٹرنیٹ کی رفتار بحال کروائیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی سے ٹیلی کام سیکٹر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ رفتار کم ہونے سے انٹرنیٹ ٹریفک میں 6400 ٹیرا بائٹ کی کمی ہوئی ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کو سال میں 12 ارب جبکہ حکومت کو محصولات کی شکل میں 3 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

پاکستان ٹیلی کام ایسوسی ایشن کے مطابق آئی ٹی کے ساتھ تجارت ، بینکنگ، ہیلتھ، ایجوکیشن، مالیاتی شعبہ اور پبلک سیکٹر کے ادارے بھی متاثر ہورہے ہیں۔ انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے آئی ٹی فری لانسرز کے پراجیکٹس منسوخ ہورہے ہیں اور فری لانسنگ ویب سائٹ فیور نے پاکستان کے فری لانسرز پر پابندی عائد کردی۔ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی سے ملکی جی ڈی پی کو نقصان ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں