وزیر قانون سندھ کی منشیات فروشی کی روک تھام کیلیے مؤثر ایکٹ لانے کی سفارش
بحیثیت وزیر قانون میرا فرض ہے کہ قوانین کی ترتیب، منظوری اور نفاذ کے لیے کچھ اقدامات کر جاؤں، ضیا الحسن لنجار
وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیا الحسن لنجار نے منشیات فروشی اور مافیا سے نمٹنے کیلیے مؤثر ایکٹ لانے کی سفارش کردی۔
وزیر قانون و داخلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کابینہ سب کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ سندھ کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ 2024 کی ترتیب سے متعلق جائزہ ڈرافٹ پیش کیا۔
اس ڈرافٹ کی حتمی ترتیب کے بعد اسے برائے منظوری کابینہ اجلاس میں بحث کے لیئے پیش کیا جائیگا۔ اجلاس میں پراسیکیوٹر، ایڈوکیٹ جنرلز کے علاوہ سیکریٹریز لاء، ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ و دیگر افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے زیر بحث ایکٹ پر مشتمل تجاویز اور انکی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر قانون سندھ کا کہنا تھا کہ فی زمانہ منشیات کنٹرول ایکٹ کی ترتیب اور نفاذ ناگذیر ہیں اور بلاشبہ اس ایکٹ کی ترتیب، منظوری اور نفاذ سے منشیات مافیاز کے حوصلے پست ہونگے۔
انہوں نے اجلاس سے کہا کہ بحیثیت وزیر قانون میرا فرض ہے کہ ضروری قوانین کی ترتیب، منظوری اور نفاذ جیسے اقدامات میں بہتری کے لیے کچھ اقدامات کر جاؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ 2024 پر مشتمل ڈرافٹ کو جلد سے حتمی شکل دی جائے اور بعد از جائزہ حذف کردہ یا تنسیخ کردہ تجاویز کو ڈرافٹ سے خارج کیاجائے۔
علاوہ ازیں ترتیب کردہ سندھ کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ 2024 میں مذید تجاویز اور سفارشات پر مشتمل ڈرافٹ تیار کرکے برائے ملاحظہ، منظوری و توثیقی اقدامات ارسال کیا جائے۔