سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نااہل ثابت کرنے کے لئے الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نااہل قرار دلوانے کے لئے ارسلان افتخار نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور ان کے جمع شدہ کاغذات نامزدگی حاصل کئے جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ارسلان افتخار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق انہوں نے آئین کے آرٹیکل 62، 63 کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نےکاغذات نامزدگی میں اپنے 2 بچوں سلیمان اور قاسم کا ذکرکیا مگر ایک بچی ٹرین جیٹ خان کے بارے میں نہیں بتایا اور اسی قسم کی کئی غلط بیانیوں کے حوالے سے دستاویزات موجود ہیں جسے سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ارسلان افتخار کا کہنا تھا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹ مینٹ میں تقرری پر عمران خان نے ان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور اب بھی چیلنج کرتا ہوں کہ الزامات ثابت ہونے پر عمران خان جو سزا تجویز کریں گے وہ قبول کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بھی عمران خان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
عمران خان کیخلاف کارروائی کے دوران بیرون مدد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ارسلان افتخار کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف ثبوت اکھٹے کرنے کے لئے امریکی عدالت سے بھی رابطہ کیا ہے اور جلد امریکی عدالت کا عمران خان کیخلاف فیصلے کو ریفرنس میں شامل کیا جائے گا۔ سیاسی میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے ارسلان افتخار کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنا کوئی بری بات نہیں، عوام کی خدمت کرنا ثواب کا کام ہے تاہم مسلم لیگ نون کے پلیٹ فارم سے سیاست میں قدم نہیں رکھوں گا۔