سندھ میں دہشت گردی کا شکار والدین کے بچوں کو نجی اسکولوں میں مفت تعلیم دینے کا فیصلہ

ایسے 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز

فوٹو: فائل

صوبۂ سندھ میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے والدین کے بچوں کو نجی اسکولوں میں مفت تعلیم دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ رفیعہ جاوید نے ایک مراسلے کے ذریعے نجی اسکولوں کو دہشت گردی کا شکار ہونے والے والدین کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔


رفیعہ جاوید نے کہا ہے کہ کم آمدن اور شہید والدین کے بچوں کو نجی اسکولوں میں مفت تعلیم دی جائے گی۔ اُنہوں نے تمام اسکولوں میں مفت تعلیم دینے کے لیے والدین اور اساتذہ پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے مزید کہا کہ یہ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ کون سے بچے مستحق ہیں اور اسکول میں کل تعداد کے 10 فیصد بچوں کو مفت پڑھایا جائے گا۔

رفیعہ جاوید نے یہ بھی کہا کہ ایسے 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم نہ دینے والے اسکولوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story