سیریز شروع ہوتے ہی بنگلادیشی کوچ کو’’گڈ بائے‘‘

ہمیں ایک شارٹ لسٹ تیار کرکے دیکھنا ہوگا کہ کون ہمیں جوائن کرنا چاہتا ہے


Sports Desk August 23, 2024
(فوٹو: پی سی بی)

بنگلہ دیشی کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کو پاکستان سے سیریز شروع ہوتے ہی''گڈبائے'' کہہ دیا گیا،وہ دوسرے ٹیسٹ کے بعد فارغ ہوجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نئے صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ فاروق احمد نے ذمہ داری سنبھالتے ہی اپنے سب سے بڑے مخالف ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کا پتا صاف کرنے کا عندیہ دے دیا، پہلی پریس کانفرنس میں انھوں نے واضح کردیا کہ ہتھوراسنگھے کے حوالے سے ماضی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

فاروق نے کہا کہ میں نے ابھی تک ہیڈ کوچ کا معاہدہ نہیں دیکھا، مجھے کچھ معاملات کو آفیشل طور پر دیکھنا ہے مگر میرا سابقہ موقف تبدیل نہیں ہوا، اگلے2،3 روز میں میں ساتھی حکام سے بات کروں گا۔

مزید پڑھیں: سابق کرکٹر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ منتخب

ہم دیکھیں گے کہ چندیکا سے بہتر کوچ کیسے تلاش کرسکتے ہیں، ہمیں ایک شارٹ لسٹ تیار کرکے دیکھنا ہوگا کہ کون ہمیں جوائن کرنا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ فارق احمد نے چندیکا ہتھوراسنگھے کے بطور ہیڈ کوچ پہلے دورانیے کے دوران چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سابق بورڈ صدر نظم الحسن نے کوچ کی فرمائش پر 2 ٹیئر سلیکشن کمیٹی قائم کی تھی، جب دوسری مدت کیلیے ہتھوراسنگھے کو واپس لایا گیا تب بھی فاروق نے شدید مخالفت کی تھی، اب یہ یقینی ہے کہ پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے بعد ہتھوراسنگھے فارغ ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں: بورڈ نے مجھے ہٹانے کا فیصلہ کیا تو منظور ہوگا، بنگلادیشی کوچ

گذشتہ روز طویل پریس کانفرنس کے دوران بی سی بی کے نئے صدر نے کہاکہ میں سینئر آل راؤنڈر شکیب الحسن کی اپنے ملک میں شیڈول میچز میں شرکت کے حوالے سے بھی جاننا چاہتا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ انھیں پلیئنگ کیریئر کے دوران سیاست میں حصہ لینے سے روکنا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ شکیب عوامی لیگ کی جانب سے ممبرپارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے پر اسمبلی ختم ہوچکی، سابق وزیراعظم کے زیادہ تر قریبی افراد یا تو روپوش ہیں یا انھیں گرفتار کیا جاچکا، شکیب کینیڈا سے پاکستان آئے، ان کی فیملی پہلے سے ہی امریکا میں مقیم ہے۔ فاروق احمد نے مزید کہا کہ ہم تمیم اقبال سے بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے بات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |