موٹروے ایم 2 بھیرہ کے قریب گاڑی سے 4 افراد کی لاشیں برآمد
گاڑی سے ایک شخص کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، موٹروے پولیس
موٹر وے ایم 2 پر بھیرہ کے قریب کھڑی گاڑی سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ایک شخص بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دوران پیٹرولنگ بھیرا کے قریب اطلاع ملی کہ ایک گاڑی سڑک کنارے کھڑی ہے، مدد کی غرض سے جب وہاں پہنچے تو گاڑی میں پانچ افراد نیم بے ہوشی کی حالت میں موجود تھے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال بھیرا پہنچایا گیا۔
اسپتال میں دوران علاج چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بے ہوشی کی حالت میں لائے گئے ایک مریض کی حالت نازک ہے۔ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو کہ لاہور کے رہائشی ہیں اور اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے۔
ڈاکٹروں کے مطابق ہلاکتوں کی وجہ فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے۔ جاں بحق افراد میں 60 سالہ رومیلا، 30 سالہ مہوش، 28 سالہ ثمر اور 4 سالہ عون شامل ہیں جبکہ 30 سالہ عمر قاسم اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس اسٹیشن پھلروان، بھیرا کا عملہ بھی اسپتال پہنچ گیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔