پوری پی ٹی آئی گنگا نہا لے تب بھی 9 مئی کے سیاہ داغ مٹ نہیں سکتے عظمیٰ بخاری

دھرنوں اور جلسوں کے بغیر فتنہ پارٹی کو نہ بیرونی فنڈنگ ملتی نہ ڈیجیٹل دہشتگردوں کو تنخواہیں دے پاتے ہیں، صوبائی وزیر


ویب ڈیسک August 23, 2024
(فوٹو: فائل)

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پوری پی ٹی آئی گنگا نہا لے تب بھی 9 مئی کے سیاہ داغ مٹ نہیں سکتے۔


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فتنہ پارٹی تسلیم کرلے اس کے ستو مک چکے ہیں۔ گرگٹ رنگ بدلتا ہے لیکن اس کی فطرت نہیں بدلتی۔


عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پوری تحریک انصاف گنگا نہا کر بھی آجائے تو 9مئی کے سیاہ دھبے ان کے دامن سے نہیں مٹ سکتے۔ دھرنے اور جلسے اڈیالہ جیل کے قیدی کا کاروبار ہیں۔ دھرنوں اور جلسوں کے بغیر فتنہ پارٹی کو نہ بیرونی فنڈنگ ملتی نہ ڈیجیٹل دہشتگردوں کو تنخواہیں دے پاتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ایک سال سے فتنہ پارٹی جلسے جلوس نہ کرنے سے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے۔ اب فوج کی حرمت اور تقدس پر 9مئی والے ہمیں لیکچر دیں گے اللہ کی شان ہے۔ آپ لوگوں کے بھیانک چہرے اور بدبودار سیاست کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔


صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے پانچ پانچ ہزار کے نوٹ بانٹنے کی ویڈیو کے پی حکومت کے منہ پر تمانچہ ہے۔ میوزک کنسرٹ اور پیسے بانٹ کر لوگ اکٹھے کرنے والے کہتے ہیں قوم ہمارے ساتھ ہے۔ اڈیالہ جیل کے قیدی کے ساتھ قوم نہیں دیہاڑی دار اور ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں۔ قوم پاکستان کے ساتھ ہے، مسلم لیگ نون کے ساتھ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔