سنجے دت کا کردار چُرانے کا الزام عدنان صدیقی نے وضاحت دیدی

اداکار ڈرامہ سیریل 'جینٹلمین' میں 'رحمتی' نامی شخص کا کردار ادا کررہے ہیں

صارفین نے 'رحمتی' کے کردار کو سنجے دت کے مشہور کردار 'رگھو' کی نقل قرار دیا : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ڈرامہ سیریل 'جینٹلمین' کے لیے بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سنجے دت کا مشہور کردار 'رگھو' چُرانے کے الزام پر وضاحت دے دی۔

ان دنوں عدنان صدیقی ڈرامہ سیریل 'جینٹلمین' میں 'رحمتی' نامی شخص کا کردار ادا کررہے ہیں، اُن کے اس کردار کو جہاں مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے تو وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے 'رحمتی' کے کردار کو سنجے دت کے مشہور کردار 'رگھو' کی نقل قرار دیا ہے۔

اب اس حوالے سے عدنان صدیقی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ایک روز میں، ہمایوں سعید اور ثناء شاہنواز ساتھ بیٹھے تھے، ہم گفتگو کررہے تھے کہ ڈرامے میں 'رحمتی' کا حلیہ کیسا ہونا چاہیے، اُس کی ظاہری شخصیت کیسی ہوگی؟

عدنان صدیقی نے کہا کہ اسی دوران، مجھے اپنا ایک دوست یاد آیا جو بالکل رحمتی جیسا نظر آتا ہے، وہ تمباکو کھاتا ہے، آنکھوں میں سُرما لگاتا ہے اور گلے میں چین اور انگوٹھی وغیرہ بھی پہنتا ہے۔


اداکار نے کہا کہ میں نے اپنے دوست کے لُکس سے متاثر ہوکر 'رحمتی' کی ظاہری شخصیت ایسی بنائی یعنی میں نے اس کردار کے لیے اپنے دوست کو نقل کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ 'رحمتی' کا لُک بھارتی ہیرو کے کردار کی کاپی ہے، اب میں اس بارے میں کیا کہوں لیکن یہ بہت اچھی بات ہے کہ میرے کام کو اچھے کام سے ہی ملایا جارہا ہے۔

عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ میں نے ہرگز بالی ووڈ اسٹار کا کردار کاپی کرنے کی کوشش نہیں کی تھی لیکن اگر ایسا ہوگیا ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے کیونکہ یہ محض ایک کردار ہے اور اس کا کوئی کاپی رائٹس نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ سال 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم 'واستو' میں سنجے دت نے 'راگھوناتھ نامدیو شیوالکر' عرف 'رگھو' کا کردار ادا کیا تھا۔
Load Next Story