وزیرداخلہ کا کچے کے شرپسندوں کے خلاف مؤثر کوآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم

شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، حملہ آوروں سے بدلہ لینے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، محسن نقوی


ویب ڈیسک August 23, 2024
محسن نقوی کی زیرصدارت رحیم یار خان میں اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کوآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کارروائی میں حصہ لینے والی فوس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے کی ہدایت کردی۔

رحیم یار خان ائرپورٹ پر وزیرقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جہاں کچے کے علاقے میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بارے میں پنجاب پولیس، پنجاب رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں آپریشنل فورس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور آپریشن میں حصہ لینے والی فورس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس ناک واقعہ رونما ہوا اور ہمارے 12 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کچے کے شرپسندوں کے خلاف مؤثر کوآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم دیا اور کہا کہ شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، حملہ آوروں سے بدلہ لینے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈی جی رینجرز پنجاب، سی ٹی ڈی پنجاب، پنجاب اور سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچےکے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی، فرداً فرداً تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی اور زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ کے عزم اور حوصلے کو سراہتا ہوں، آپ پنجاب پولیس کے بہادر سپوت ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا، اس ضمن میں ہم نے سفارش کر دی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |