اسرائیل کے حقِ دفاع کی حامی ہوں لیکن غزہ میں تباہی دل دہلا دینے والی ہے کملا ہیرس

صدر جوبائیڈن کے ساتھ مل کر غزہ جنگ بندی پر کام کر رہی ہوں، کملا ہیرس

صدر جوبائیڈن کے ساتھ مل کر غزہ جنگ بندی پر کام کر رہی ہوں، کملا ہیرس

امریکی صدارتی الیکشن میں حکمراں جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کی نامزد کردہ امیدوار کملا ہیرس نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے حقِ دفاع کی حامی ہیں لیکن غزہ میں دل دہلا دینے والی تباہی پر افسردہ ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار کملا ہیرس جو اس وقت امریکا کی نائب صدر بھی ہیں، نے حکمراں جماعت کی جانب سے بطور صدر اپنی نامزدگی کو قبول کرتے ہوئے کیا۔

صدارتی امیدوار نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یرغمالیوں کی واپسی اور جنگ بندی کا معاہدہ ہو جائے۔ غزہ میں گزشتہ 10 ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ تباہ کن ہے۔ بہت سی معصوم جانیں ضائع ہوئیں، مایوس اور بھوکے شہری اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگتے پھر رہے ہیں۔


یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا؛ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے آخری روز کملا ہیرس کا خطاب

کملا ہیرس نے کہا میں صدر بائیڈن کے ساتھ مل کر غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہوں تاکہ اسرائیل محفوظ ہو، یرغمالیوں کی واپسی ہو، غزہ میں مصائب ختم ہوں اور فلسطینی عوام اپنے وقار، سلامتی، آزادی اور خود ارادیت کے حق کا احساس کر سکیں۔

یاد رہے کہ رواں برس 5 نومبر کو امریکا میں صدارتی الیکشن ہونے جارہے ہیں جس کے لیے حکمراں جماعت کی امیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن پارٹی کے امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

 
Load Next Story