ممبئی آنے پر 55 روپے کرائے پر آدھا کمرہ رہائش کیلئے ملا تھا سلیم خان کا انکشاف

اپنا خواب پورا کرنے کے لیے جدوجہد کا راستہ چنا اور بغیر کسی مالی مدد کے ممبئی پہنچ گیا، اسکرپٹ رائٹر

فوٹو : ویب ڈیسک

بالی وڈ کے معروف اسکرین رائٹر اور سپر اسٹار سلمان خان کے والد، سلیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ ممبئی آئے تو انہیں 55 روپے کرائے پر ایک آدھا کمرہ رہائش کیلئے ملا تھا۔

اپنی ڈاکومینٹری فلم 'اینگری ینگ مین' کی تشہیری ایونٹ کے دوران انہوں نے ممبئی میں اپنے ابتدائی دنوں کی جدوجہد اور سلمان خان کی والدہ سلمیٰ خان کے ساتھ اپنی زندگی کے آغاز کے بارے میں گفتگو کی۔


سلیم خان نے کہا کہ ممبئی آنے سے پہلے وہ اندور میں رہتے تھے، جہاں وہ ایک پرسکون زندگی گزار رہے تھے، لیکن ان کا مقصد فلم انڈسٹری میں بڑا مقام حاصل کرنا تھا۔ اس خواب کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے جدوجہد کا راستہ چنا اور بغیر کسی مالی مدد کے ممبئی پہنچ گئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ممبئی آ کر انہوں نے میرین ڈرائیو پر 55 روپے ماہانہ کرائے پر ایک آدھا کمرہ حاصل کیا تھا۔

سلیم خان نے اس خواہش کا بھی ذکر کیا کہ وہ 110 روپے کرائے پر پورا کمرہ لینا چاہتے تھے مگر یہ خواب پورا نہ ہو سکا جبکہ مالی مشکلات کے باعث، انہوں نے سگریٹ اور کپڑوں کے اشتہارات میں کام کرنے کی پیشکشیں بھی قبول کیں تاکہ ان کا کیریئر آگے بڑھ سکے۔
Load Next Story