کراچی گھر میں گھس کر فائرنگ 2 ماہ قبل شادی کرنیوالا بلوچستان کا رہائشی جاں بحق

مقتول دوسری بیوی کے ساتھ بلوچستان سے گھومنے کے لیے کراچی آیا تھا، واقعہ ذاتی تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، پولیس

(فوٹو: فائل)

شہر قائد میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے بلوچستان سے آئے ہوئے 2 ماہ قبل شادی کرنے والے شخص کو قتل کردیا۔


پولسی کے مطابق تھانہ موچکو کی حدود میں بلدیہ ٹاؤن رئیس یار محمد گوٹھ جامعہ فاروقیہ مسجد و مدرسے کے قریب گھرمیں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سےایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ یحییٰ ولد علی دوست کےنام سے کی گئی ۔



مقتول یحییٰ بلوچستان کے شہروڈھ کا رہائشی اورڈرائیور تھا۔ مقتول نے2 شادیاں کی ہوئی تھیں اورپہلی بیوی سے اس کے 2 بچے ہیں جب کہ اس نے دوسری شادی 2 سے 3 ماہ قبل کی تھی اور دوسری بیوی کے ساتھ گھومنے کے لیے بلوچستان سے کراچی آیا ہوا تھا۔


مقتول رئیس یار محمد گوٹھ میں گزشتہ 7 روز سے رہائش پذیر تھا۔ مقتول کی بیوی کے مطابق2 نامعلوم مسلح ملزمان گھرمیں داخل ہوئے اورفائرنگ کرکےاس کے شوہر کوقتل کیا اورفرارہوگئے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو ماتھے ، گلے اور پیٹ میں 3 گولیاں لگیں جو موت کا سببب بنیں۔ فائرنگ کا واقعہ ذاتی تنازع کا شاخشانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

Load Next Story