مہوش حیات نے ارشد ندیم کی بائیوپِک کیلئے اداکار کا انتخاب کرلیا

ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا


ویب ڈیسک August 25, 2024
ارشد ندیم نے یومِ آزادی سے قبل پوری قوم کو گولڈ میڈل کا تحفہ دے کر خوش کیا : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم کی بائیوپِک کے لیے اداکار کا انتخاب کرلیا۔

ارشد ندیم وہ قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو ایونٹ میں 92.97 میٹر طویل تھرو کرکے 40 سال بعد اولمپکس گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

اُنہوں نے 92.97 میٹر طویل تھرو کرکے اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی بنایا، ارشد ندیم نے اپنی تاریخی فتح سے پوری قوم کا سر فخر سے بُلند کرکے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی۔

مزید پڑھیں: ارشد ندیم کی بائیوپک کیلئے کونسا بالی ووڈ اسٹار پرفیکٹ؟ نیرج چوپڑا نے بتادیا

ارشد ندیم کی تاریخی فتح کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات اُن کی زندگی پر فلم بنانے کا مطالبہ کررہی ہیں تاکہ پوری دُنیا کو ارشد ندیم کی جدوجہد کے بارے میں معلوم ہوسکے۔

اس حوالے سے صارفین نے چند پاکستانی اداکاروں کا انتخاب بھی کیا تھا جن میں سرفہرست اداکار و ماڈل عُمر شہزاد تھے اور اب سُپر اسٹار مہوش حیات نے بھی ارشد ندیم کی بائیوپِک کے لیے کردار کا انتخاب کرلیا ہے۔

دراصل، حال ہی میں پاکستانی اداکار فرحان علی آغا نے سوشل میڈیا پر اپنے ورک آؤٹ کی چند تصاویر پوسٹ کی تھیں جن میں اداکار کی فٹنس دیکھ کر پاکستانی اداکاراؤں سمیت مداح بھی دنگ رہ گئے۔

مزید پڑھیں: ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر کا ارشد ندیم پر بائیوپک بنانے کا مطالبہ

فرحان علی آغا کی یہ تصاویر وائرل ہوئیں تو سوشل میڈیا پیجز نے صارفین سے سوال کیا کہ ارشد ندیم کی بائیوپِک کے لیے فرحان علی آغا پرفیکٹ اداکار ہیں؟

اس سوال کے جواب میں جہاں صارفین نے فرحان علی آغا کا انتخاب کیا تو وہیں مہوش حیات نے بھی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ جی ہاں بالکل، ارشد ندیم کے کردار کے لیے فرحان علی آغا بہترین انتخاب ہیں۔




واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں