بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نند بھاوج میں زمان پارک کے گھر پر قبضے کے بعد پارٹی پر قبضے کی لڑائی چل رہی ہے، بیرسٹر صاحب آپ تین میں ہیں نہ 13 میں ہیں، آپ کو بشریٰ بیگم جانتی ہے نہ آپکو علیمہ خان جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر صاحب آپ کو یاد ہے ن میں سے شین نکالنے والا ایک بازیگر 40 دن کا چلہ بھی کاٹ چکا ہے، آپ اپنے جعلی مولا جٹ وزیراعلیٰ کی پرفارمنس قوم کو بتائیں جو ٹی وی اسکرینوں پر بغلیں بجاتے ہیں جبکہ بند کمروں میں پاؤں پکڑتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست کو سمجھنے کے لیے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا، نواز شریف اور شہباز شریف آج پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں، آپ کے ظل تباہی جیل میں پستے بادام کھا رہے ہیں۔
قبل ازیں پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ پارٹی بانی پی ٹی آئی کی ہے اور وہ خود تمام معاملات دیکھ رہے ہیں۔ نا اہل حکومت بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہباز اور نواز گروپ کی آپس کی لڑائی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، دونوں بھائی میڈیا کے سامنے کچھ اور اندر کچھ اور ہوتے ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔