2024

پی ڈبلیو ڈی کے سبکدوش ملازمین کا مالی پیکج کرپٹ افراد کیلئے نہیں ہے وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حتمی مراحل اور قانونی پہلوؤں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی


ویب ڈیسک August 25, 2024
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا—فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کی تحلیل کے بعد محنتی اور ایمان دار ملازمین کی دوبارہ بھرتی کے لیے عمر کی حد کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبکدوش ہونے والے ملازمین کے اعلان کردہ مالی پیکیج کرپٹ افراد کے لیے نہیں ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور ورکس ریاض حسین پیر زادہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حتمی مراحل اور قانونی پہلوؤں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیا جانے والا مالی پیکیج ان افراد کے لیے ہرگز نہیں ہے جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کی صوبوں اور متعلقہ اداروں کو منتقلی کا حتمی لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے اور تحلیل سے متعلق تمام حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے کم مدت ملازمت کے حامل محنتی اور ایمان دار افراد کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کے لیے ایج ریلیکسیشن کی تجویز پر عملدرآمد کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں