اڈیالہ جیل عمران خان کی سہولت کاری میں ملوث نیٹ ورک سے جڑے وارڈرز بھی تبدیل

تبدیل کیے گئے ملازمین میں لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے اردلی اور منظور نظر جیل وارڈر بھی شامل


ویب ڈیسک August 26, 2024
(فوٹو: فائل)

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری میں ملوث نیٹ ورک سے جڑے وارڈرز ملازمین بھی تبدیل کر دیے گئے۔

تبدیل کیے گئے ملازمین میں لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے اردلی اور منظور نظر جیل وارڈر بھی شامل ہیں۔ لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے اردلی محمد ظہیر اور محمد جمیل تبدیل کر دیے گئے۔

محمد ظہیر کو چوہدری پرویز الہٰی اور محمد جمیل کو شاہ محمود قریشی کے ساتھ نائٹ ڈیوٹی پر تعینات رکھا گیا تھا۔ وارڈر جمیل کو چکوال اور ظہیر کو ڈسٹرکٹ جیل گجرات بھجوا دیا گیا۔

لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے منظور نظر وارڈر یاسر ریاض اور سجاد صدیق کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔ وارڈر یاسر ریاض کو پی بی اکاؤنٹ اور سجاد صدیق کو تلاشی انچارج تعینات کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں؛ عمران خان، بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی پر تعینات افسران دوبارہ تبدیل

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری پر وارڈر سجاد صدیق، یاسر ریاض، محمد ظہیر اور محمد جمیل سے پوچھ گچھ بھی کی گئی تھی۔

جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل سے تبدیل کیے گئے وارڈرز میں ابرار قیصر، محمد مدثر محبوب، محمد آصف، محمد شاہد اکبر، محمد شکیل اور تصور عباس بھی شامل ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پریزن راولپنڈی ریجن نے وارڈرز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جیل انتظامیہ کو آج ہی تمام وارڈرز کو ریلیو کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔