ایف بی آر کا تاجروں سے مذاکرات کیلیے رابطہ تاجر دوست اسکیم میں ترمیم کا امکان

تاجر دوست اسکیم اور بجلی کے بلوں پر لگائے ٹیکسز کے خاتمے کے نوٹی فکیشن کے بغیر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، تاجر

(فوٹو : فائل)

تاجر دوست اسکیم اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے معاملے میں ایف بی آر نے تاجروں سے رابطہ کرلیا اور انہیں کل بات چیت کی دعوت دے دی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے ممبران لینڈ ریونیو آپریشنز کا تاجروں کے نمائندوں سے رابطہ ہوا ہے، تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کے درمیان کل ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں مذاکرات کا امکان ہے جس میں ایف بی آر نے تاجروں کے تمام حقیقی مطالبات کو قبول کرنے کا فیصلہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجر دوست اسکیم کے نوٹی فکیشن میں بھی ترمیم کا امکان ہے۔

تاجروں نے ٹیکس پالیسیوں کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ تاجر رہنماؤں کاشف چوہدری اور اجمل بلوچ نے اسکیم کو مسترد کردیا ہے۔ ایف بی آر نے 32 لاکھ کے ہدف کے مقابلے میں تاجر دوست اسکیم کے تحت 58,000 تاجروں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔


تاجر رہنما کاشف چوہدری نے کہاہے کہ ایف بی آر کو اپنے مطالبات سے آگاہ کر دیا ہے، ایف بی آر کی جانب سے لچک کا مظاہرہ کرنے پرہی مذاکرات میں جائیں گے ، بے مقصد مذاکرات میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، آج شام مشاورت سے مذاکرات کی دعوت کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ تاجر دوست اسکیم اور بجلی کے بلوں پر لگائے ٹیکسز کے خاتمے کے نوٹی فکیشن کے بغیر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

جنرل سیکرٹری مرکزی تنظیم تاجران پاکستان سید عبدالقیوم آغا نے بھی بیان پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔
Load Next Story