کراچی میں نئے اسپیل سے 200 ملی میٹرز بارش ہوسکتی ہے چیف میٹرولوجسٹ

ایک اور اسپیل ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا جس سے کراچی میں بارشیں متوقع ہیں، سردار سرفراز


ویب ڈیسک August 26, 2024
(فوٹو: فائل)

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز احمد نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا ہے کہ مون سون کے نئے اسپیل سے کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹرز بارش ہوسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت رین ایمرجنسی کا اجلاس ہوا جس میں سردار سرفراز نے آگاہ کیا کہ بارش کا سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا جو کہ 31 اگست تک جاری رہے گا۔ اسکے بعد ایک اور اسپیل ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا اور اس دوران بھی کراچی میں بارشیں متوقع ہیں۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ نئے اسپیل سے ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، سانگھڑ اور نوابشاہ میں 250 تا 300 ملی میٹرز بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 500 ملی میٹرز بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں 70 تا 100 ملی میٹرز بارش کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بتایا کہ 28 اگست کو بارش بہت تیز ہونے کی پیش گوئی ہے، کیرتھر رینج پر بارش کے نتیجے میں دادو، قمبر، شہداد کوٹ، جیکب آباد اور جامشورو میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ماہی گیروں کے لیے بھی محکمہ فشریز ضروری ہدایات جارے کرے۔ انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو صورتحال کا جائزہ لے کر انتظامات کرنے اور تمام بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کراچی کے تمام نالوں کی نگرانی اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے مشینری کا انتظام کریں۔

وزیر ریہیبلیٹیشن مخدوم محبوب نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ امدادی سامان پی ڈی ایم اے کے اسٹاک میں موجود ہے جس میں خیمے، ترپالیں، مچھردانیاں، پانی کے کولر، ہائیجینک کٹس اور جانوروں کی مچھر دانیاں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں؛ مون سون ہواؤں کے کم دباو میں مزید شدت، کراچی میں آج سے بارش کا امکان

وزیر بلدیات سعید غنی نے بتایا کہ ٹاؤنز کو بھی نالوں کی صفائی کے لیے مشینری دی ہے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کے ایم سی کے نالوں اور واٹر بورڈ کے نکاسی آب کا سسٹم بہتر کیا ہے۔

وزیر آبپاشی جام خان شورو نے نہروں کی پوزیشن سے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دریا کے دائیں کنارے پر بارشوں اور ہل ٹورینٹ کے پیش نظر ضروری مشینری بھی بندوں پر موجود ہے۔

سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو نے بتایا کہ حمل جھیل تا منچھر جھیل تک بندوں کی مضبوطی کا کام کر رہے ہیں، منچھر جھیل تا حمل جھیل تک تمام کمزور مقامات کی نگرانی بھی جاری ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، سعید غنی، جام خان شورو، مخدوم محبوب الزمان، صوبائی مشیر نجمی عالم، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر ارسلان شیخ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو بقاء اللہ انڑ، صوبائی سیکریٹریز، میٹرو لاجسٹ سردار سرفراز، کور ہیڈ کوارٹر اور کوم کار کے نمائدے شریک ہوئے۔

حیدرآباد، لاڑکانو، شہید بینظیرآباد، میرپورخاص ڈویژنل میئرز اور کمشنرز اور دیگر اضلاع کے ڈی سیز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں