کراچی میں واٹر کارپوریشن نے رین ایمرجنسی نافذ کردی

بارش سے قبل شہر بھر کی تمام اہم شاہراہوں پر مشینری پہنچا دی جائے، سی ای او واٹر کارپوریشن


Staff Reporter August 26, 2024
فوٹو- فائل

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے رین ایمرجنسی نافذ کردی اس حوالے سے سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین نے شہر میں ممکنہ بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر افسران کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام جیٹنگ سکشن راڈنگ سیور کلینگ مشینوں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر مشینری کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے اور تمام ایگزیکٹو انجینئرز کو اپنے ماتحت عملے کے ہمراہ اپنی ڈویژنز میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ بارش سے قبل شہر بھر کی تمام اہم شاہراہوں پر مشینری پہنچا دی جائے اور فراہمی و نکاسی آب کی تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں جنریٹرز کی مدد سے رواں رکھا جائے۔

انہوں نے کہا شہر کا سیوریج سسٹم بارشوں کے پانی کے اخراج کیلئے نہیں بنایا گیا مگر بدقسمتی سے سڑکوں کا ٹھوس فضلہ ملبہ اور کچرا بارشوں کے دوران برساتی پانی کے ساتھ بہہ کر واٹر کارپوریشن کی سیوریج لائنوں میں جا گرتا ہے جس کی وجہ سے سیوریج لائنیں بند ہو جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے اہم سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھوں پر مین ہولز کو ترجیحی بنیادوں پر ڈھانپنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شہری بارش کے دوران پانی کو سیوریج کی پائپ لائنوں میں نکالنے کے لیے مین ہول کے ڈھکن نہ کھولیں کیونکہ اس سے سیوریج کا بہاؤ رک جائے گا جس سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں