ہوا کا کم دباؤ ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل سندھ بھرمیں موسلادھاربارشوں کی پیش گوئی
31 اگست تک کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، محکمہ موسمیات
خلیج بنگال سے اٹھنے والاہوا کا کم دباؤایک درجہ مزید شدت اختیارکرنے کے بعد ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، منگل سے کراچی میں گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار اور شدید موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سےپیرکی صبح نیا مون سون الرٹ جاری کیا گیا،جس کے مطابق مشرقی راجستھان بھارت پرموجود ڈپریشن مزید شدت اختیارکرکےڈیپ ڈپریشن کی شکل میں راجستھان پرموجود ہے۔
یہ سسٹم مزید مغرب اورجنوب مغرب میں حرکت کرتا ہوا،29 اگست کی صبح کچ،تھرپارکر،اورملحقہ بحیرہ عرب تک پہنچنے کا امکان ہے، اس سسٹم کےتحت طاقتورمون سون ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرقی سندھ پر اثراندازہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے31 اگست کےدرمیان کراچی ڈویژن میں وقفے وقفےسےگرج چمک اور تیزہواؤں کےساتھ بارش کا امکان ہے، کراچی کے اکثرمقامات پرموسلادھار جبکہ چند ایک مقامات پرشدید موسلادھاربارش کا امکان ہے۔
آج سے31اگست کے دوران گھوٹکی،سکھر،خیرپور،کشمور،جیکب آباد اورشکارپورمیں موسلادھاربارشوں کا امکان ہے،31اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیارسمیت دیگراضلاع میں موسلادھاربارش ہوسکتی ہے، جبکہ کراچی، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ ، سجاول، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو خبردار کیا ہے کہ پیش گوئی کی مدت کے دوران سمندرمیں طغیانی کا خطرہ ہے اسی لیے ماہی گیر28سے30اگست تک سمندرمیں نہ جائیں۔
دریں اثنا پیرکوشہرکا موسم جزوی اورمکمل ابرآلود رہا، سمندری ہوائیں بدستوربحال رہیں، پیرکی شام شہرکے مضافاتی علاقوں اسٹیل ٹاؤن،گلشن حدید، گھارو،پورٹ قاسم سمیت ملحقہ علاقوں میں درمیانی وتیزبارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوامیں نمی کاتناسب 62فیصد ریکارڈہوا۔