شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی رجسٹریشن کا عمل دوسرے روزبھی جاری ہے جبکہ اس موقع پر آئی ڈی پیز کی بڑی تعداد رجسٹریشن پوئانٹس پر موجود ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل اور بویا کے متاثرین کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے جبکہ گزشتہ روز میران شاہ کے رہ جانے والے متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل بھی آج مکمل کیا جائے گا۔ صبح 7 بجے شروع ہونے والا رجسٹریشن کا عمل سہہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گا، خواتین کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسزمیں قائم رجسٹریشن سینٹر میں خواتین کے لیے الگ سیکشن قائم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرین کی مالی امداد کے لئے رجسٹریشن کا عمل کیا جارہا ہے۔