پنجاب میں انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم منظور بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار

پنجاب کابینہ نے منظوری دے دی، ترامیم کے بعد بھکاری گروہوں کے سرغنہ کی سزاؤں میں اضافہ کردیا گیا ہے


Staff Reporter August 27, 2024
(فوٹو : فائل)

پنجاب کابینہ نے انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم منظور کرلی، بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے بھکاری مافیا چیفس کے گرد شکنجہ سخت کردیا، پنجاب کابینہ نے The Punjab Vagrancy Ordinance 1958 میں اہم ترامیم منظور کرلیں جس کے تحت بھیک منگوانے والے مافیا چیفس کی سزاؤں میں اضافہ کردیا گیا۔

ترامیم کے تحت کسی ایک شخص سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 3 سال قید اور 1 لاکھ سے 3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔ ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سے سال قید اور 3 سے 5 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے۔

بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 5 سے 7 سال قید اور 5 لاکھ سے 7 لاکھ جرمانہ ہوگا جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔ کسی بچے یا بڑے کو جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 10 لاکھ سے 20 لاکھ جرمانہ ہوگا جرمانے کی عدم ادائیگی پر مافیا لیڈر کو مذید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔

ایک بار سزا پانے والا شخص اگر جرم دہرائے گا تو آرڈی ننس میں دی گئی سزا سے دگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے مافیا چیفس کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، سزاؤں اور جرمانے میں کئی گنا اضافہ بھکاری مافیا کی حوصلہ شکنی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں