شاہ محمود قریشی کی چوہدری برادران سے ملاقات سونامی اور انقلاب کے اتحاد کا امکان

چوہدری برادران سے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بات ہوئی اور بہت سے معاملات پر کنفیوژن دور ہوگئی، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک July 08, 2014
تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق) کی سوچ مشترکہ ہے ، شاہ محمود قریشی فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق) کی سوچ مشترکہ ہے، چوہدری برادران سے ملاقات میں کئی معاملات پر کنفیوژن دور ہو گئی۔

لاہور میں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہ ہمارا مقصد تھا اور نہ ہے۔ ہم ملک کےجمہوری اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں، کسی بھی ملک میں جمہوریت کی بنیاد شفاف انتخابات پر ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تو ہرجانب سے دھاندلی کی آوازیں بلند ہوتی ہیں، 2013 کے انتخابات بھی شفاف نہیں تھے، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کا انعقاد کرانے میں ناکام ہوا۔ ہم ملک کو ہمیشہ کے لئے اصلاحی نظام دینا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کو 14 اگست کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کی تیاری کی کال دے دی ہے۔ہم نے ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی گرینڈ الائنس نہیں بن رہا اور نہ ہی کسی بھی سطح پر بیک ڈور بات چیت ہورہی ہے، ہر جماعت اپنی سطح پر کوشش کررہی ہے، چوہدری برادران سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بہت سے معاملات پر کنفیوژن دور ہو گئی، تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق) کی سوچ مشترکہ ہے اور کئی معاملات پر ان کی جماعت اور چوہدری برادران کے درمیان ہم آہنگی ہے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کے برعکس کوئی کام نہیں کیاجارہا۔ ملک میں جمہوریت نہیں، اگر ہوگی تو ہی ڈی ریل ہوگی، جمہوریت ہوتی تو سانحہ لاہور پیش نہ آتا،اب تک اس واقعے میں ملوث ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ شاہ محمود قریشی سے بہت سے امور پر تفصیلی بات ہوئی، اس سلسلے میں کل ڈاکٹر طاہر القادری سے بات کی جائے گی۔چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ کوئی سننے والا اور نہ دادرسی کرنےوالاہے، ملک سے جمہوریت نہیں بلکہ موجودہ حکمران ڈی ریل ہورہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں