مہنگائی کا جن بے قابو ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی اضافہ

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 50 روپےاورکمرشل سلنڈرکی قیمت میں200 روپے اضافہ ہوگیا ہے


ویب ڈیسک July 08, 2014
آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

مہنگائی کا جن ہے کہ قابو میں آنے کا نام ہی نہیں لے رہا، مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج پھر اپنی من مانی کرتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے جس سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے جب کہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمت میں اضافے سے لاہور، گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں ایل پی جی 120 روپے فی کلو جب کہ ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، کوہاٹ اور پشاور میں 125 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔ کراچی میں ایل پی جی 110 روپے فی کلو جب کہ مری، ہزارہ اور شمالی علاقاجات میں ایل پی جی 150 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کے سربراہ عرفان کھوکھر نے مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کل ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ روز بھی ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا تھا جب کہ اس سے ایک روز قبل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں