گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا گورنر ہاؤس سندھ میں جیولن تھرو کا مظاہرہ

گورنر ہاؤس کی جانب سے پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو دس لاکھ اور ٹیم کے کوچ کو پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان

فوٹو- فائل

گورنر ہاؤس سندھ میں اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں ارشد ندیم نے گورنر ہاؤس کے لان میں جیولن تھرو کا مظاہرہ کیا۔

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو دس لاکھ روپے اور ٹیم کے کوچ رشید احمد کو پانچ لاکھ روپے انعام کے طور پر دیے جائیں گے، ڈاکٹر ریحان چاولہ کی جانب سے ہر بچے کو ایک لاکھ روپے اور ایک موٹرسائیکل دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس سندھ میں اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی،جس میں پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔


تقریب کے دوران منتظمین نے بتایا کہ ناروے کپ کے مقابلے میں 136 ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں اور پاکستان کی انڈر 15 ٹیم نے دس میچز کھیل کر فائنل میں جگہ بنائی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم کی کامیابیوں کو سراہا اور پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس ہمیشہ ان کھلاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔

ڈاکٹر ریحان چاولہ نے ارشد ندیم کے لیے ایک پلاٹ کا بھی اعلان کیا، گورنر سندھ نے اسپورٹس کو بھی گورنر ہاؤس انیشیٹیو میں شامل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور اعلان کیا کہ جنوری میں کراچی میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہر شخص کو شرکت کا موقع ملے گا۔

40 برس کے بعد پاکستان کواولمپک گولڈ میڈل دلوانے والے 27 سالہ ارشد ندیم کو پیرس گیمز کے بعد دوسری مرتبہ کراچی آمد پر دوسرے دن بھی انعامات سے نوازا گیا، گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ارشد ندیم کو بیش قیمت کار بطور انعام دی گئی،ارشد ندیم نے سی ای او علی اصغر جمالی سے کار کی چابی وصول کی اس کے علاوہ ارشد ندیم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
Load Next Story