وزیراعلیٰ ہاؤس میں اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 9 نوٹیفائی اسپیشل اکنامک زون ایسے ہیں جہاں صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے بھی شامل ہیں اور ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی، زون کی اپلیکیشن تیار کرنے، ڈیولپرز منتخب کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے حوالے سے جواب دہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسے ایک ترقیاتی منصوبے کے طور پر زون انٹرپرائزز کے لیے عوامی سہولیات کی دستیابی آسان بنانا ہے لیکن یہ سب کچھ اس وقت ممکن ہو گا جب پیشہ ور افراد کا تقرر کیاجائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں 9 نوٹیفائیڈ اسپیشل اکنامک زونز ہیں، جن میں سائٹ لاڑکانہ، خیرپور، دھابیجی، بن قاسم انڈسٹریل پارک، کورنگی کریک انڈسٹریل پارک اور نوشہروفیروز انڈسٹریل پارک وفاقی حکومت اور سروس لانگ مارچ پی ایف بی نجی شعبے آرمسٹرانگ کے زیر اہتمام ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون کو ان تمام اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی اور خیرپور اسپیشل اکنامک ایک مکمل انفرااسٹرکچر ہے، جسے مکمل طور پر فعال بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اقتصادی زون کی تمام ضروریات اور مسائل کا جائزہ لے تاکہ ملک کی معیشت مضبوط کرنے کے لیے ان پر توجہ دی جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر منیجر اکاؤنٹس اینڈ فنانس، منیجر ایڈمن اینڈ ایچ آر، منیجر آئی ٹی اینڈ آپریشنز اور منیجر لیگل جیسے پیشہ افراد کی تقرری کی منظور دی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انڈسٹریز اینڈ انوسٹمنٹ ڈپارٹمنٹس کے ساتھ ساتھ سائٹ اور ایس ای زیڈ اے معاشی سرگرمیوں اور روزگار کو فروغ دینے کے لیے ہر ضلع میں چھوٹے اقتصادی زونز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں چھوٹی صنعتوں کے قیام کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان تجاویز پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا لیکن ہمیں ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جبکہ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے پرائیویٹ اکنامک زونز کے قیام کے لیے چند درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کریں اور ان پر اپنی تجاویز پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صنعتی شعبے کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور پرائیویٹ سیکٹر کا اس جانب آنا بہت ہی اچھا اقدام ہے، ہم انہیں ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔