فوج نے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ شروع کرکے قوم پر احسان کیا طاہرالقادری

دہشت گردی کے باعث ملکی سالمیت خطرے میں تھی جس کی حفاظت کے لئے فوج نے آپریشن شروع کیا،سربراہ عوامی تحریک


ویب ڈیسک July 08, 2014
دہشت گردی کے باعث ملکی سالمیت خطرے میں تھی جس کی حفاظت کے لئے فوج نے آپریشن شروع کیا،سربراہ عوامی تحریک،فوٹو:ایکسپریس نیوز

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے باعث ملکی سالمیت خطرے میں تھی جس کی حفاظت کے لئے پاک فوج نے آپریشن شروع کرکے 20 کروڑ عوام پر احسان کیا ہے۔


لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ فاٹا کے 95 فیصد سے زائد افراد پر امن اور پاکستان کے وفادار شہری ہیں صرف چند ہزاراندرونی و بیرونی دہشت گردوں نے فاٹا،شمالی وزیرستان سمیت پورے پاکستان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث ملکی سالمیت خطرے میں تھی جس کی حفاظت کے لئے فوج نے آپریشن شروع کرکے 20 کروڑ عوام پر احسان کیا ہے کیونکہ فوج ملک بچانے آئی ہے۔


طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ فوج نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا اور آپریشن ضرب عظیم ایک عظیم جہاد ہے جس میں آخری وقت تک ملک کا بچہ بچہ آئی ڈی پیز اور فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا،پاک فوج کا ایک ایک جوان مجاہد عظیم ہے اور ہم ملک کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان کے لوگوں نے ملکی بقا اور آزادی کی جنگ لڑی ہم اس مشکل وقت میں انہیں اور اپنی افواج کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔


عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے آئی ڈی پیز کے لئے امداد کی پہلی کھیپ بھیجی جارہی ہے جس میں 14 ٹرکوں کے ذریعے خوراک اورادویات سمیت ضروریات زندگی کی تمام چیزیں موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ بہت جلد ایک اعلیٰ سطح کا وفد بنوں میں متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں