رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 87 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 21 سالہ عقیل احمد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
شہر قائد میں سال 2024 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 87 ہو گئی ہے۔
شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں نے شاہ لطیف ٹاؤن میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
جبکہ رواں سال شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 87 ہوگئی۔
تازہ واقعہ میں شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے متین کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 21 سالہ عقیل احمد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی جبکہ ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن محمد علی نیازی کا کہنا ہے کہ عقیل گلی سے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اس سے موبائل فون مانگا جس پر اس نے ڈاکوؤں کو دھکا دے دیا۔
اس دوران ایک ڈاکو نے اس پر فائر کر دیا جس کے نتیجے میں ایک گولی اسے سینے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
مقتول شاہ لطیف چوکنڈی قبرستان کے قریب کا رہائشی تھا، تاہم پولیس کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر کے فوٹیجز بھی حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔