عمران خان کے سیکیورٹی انچارج کی بازیابی کیلیے درخواست دائر

سیکیورٹی انچارج عمر سلطان کے والد سلطان جاوید نے اپنے وکیل قدیر جنجوعہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی


فیاض محمود August 28, 2024
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے سیکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کیلیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاپتہ عمر سلطان کے والد سلطان جاوید نے اپنے وکیل قدیر جنجوعہ کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے 26 اگست کو بغیر وارنٹ سیکٹر ایف 10 میں واقع پیٹرول پمپ کے قریب سے گرفتار کیا گیا، تھانے میں عمر سلطان کی بازیابی کیلئے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمر سلطان کو عدالت کے روبرو پیش کرنے، مقدمات، نظر بندی احکامات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عمر سلطان کی گرفتاری و اغوا کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ عمر سلطان کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف غیر جانبدار انکوائری کا حکم دیا جائے، اغواء کاروں کا تعین کرکے ملوث افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں ریاست، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، ایس ایچ او تھانہ ایف 10 کو فریق بنایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔