سندھ ہائیکورٹ کا لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں پر وفاقی حکومت سے جواب طلب

10 سے زائد لاپتہ افراد میں سے 2 شہری گھر واپس آگئے، پولیس نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی


کورٹ رپورٹر August 28, 2024
فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے 10 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں پر صوبائی و وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

ہائیکورٹ میں 10 سے زائد لاپتہ افرادکی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، طویل عرصے سے لاپتہ 2 شہری گھر واپس آگئے، پولیس نے رپورٹس عدالت میں پیش کردیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ نیو کراچی سے لاپتا حسین علی نقوی اور سرسید کے علاقے سے گمشدہ شہری محمد فیصل گھر پہنچ گئے، عدالت نے دونوں لاپتا شہریوں کی بحفاظت گھر واپسی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے دونوں کی بازیابی کی درخواستیں نمٹادیں۔

عدالت نے کلفٹن کے علاقے سے لاپتہ شہری یاسین کے اہلخانہ کا ڈی این اے سیمپل لینے کی ہدایت کردی، تفتیشی افسر نے کہا کہ اے وی ایل سی، سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں سے معلومات حاصل کرلی ہیں، کسی ادارے نے شہری یاسین کو تحویل میں نہیں لیا۔

سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ سچل کے علاقے سے لاپتا شہری ثاقب کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کردیا ہے، عدالت نے دیگر لاپتہ افرادکی بازیابی سے متعلق صوبائی و وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں