یاسر نواز کی بہن شوبز انڈسٹری کا حصہ کیوں نہیں بنیں وجہ سامنے آگئی

میرے بھائیوں کو خدشہ تھا کہ کہیں اُن کی بہن شوبز میں اُن سے آگے نہ نکل جائے، انزلنا نواز

فوٹو : فائل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ہدایتکار، پروڈیوسر و اداکار یاسر نواز اور دانش نواز کی اکلوتی بہن انزلنا نواز کی شوبز انڈسٹری میں نہ آنے کی وجہ سامنے آگئی۔

یاسر نواز اور دانش نواز معروف مرحوم اداکار فرید نواز بلوچ کے بیٹے ہیں، ان دونوں بھائیوں نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں اپنا کیریئر بنایا لیکن ان کی اکلوتی بہن انزلنا نواز اور ایک بھائی شوبز سے دور رہے۔

گزشتہ دنوں دانش نواز نے اپنی بہن انزلنا نواز کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنی بہن کے شوبز میں نہ آنے کی وجہ بتائی۔

دانش نواز نے کہا کہ ہم چار بہن بھائی ہیں، سب سے بڑے یاسر نواز، دوسرے نمبر پر فراز نواز ہیں جوکہ دانتوں کے ڈاکٹر ہیں، تیسرے نمبر پر میری بہن انزلنا ہیں اور پھر آخر میں میرا نمبر آتا ہے۔


مزید پڑھیں: "شوہر کی دوسری شادی نہ کروانے والی بیوی کو جیل میں ڈال دیا جائے"

اداکار نے کہا کہ میرے بھائی فراز نواز نے اپنی مرضی سے ڈاکٹر کے پیشے کا انتخاب کیا جبکہ بہن انزلنا نے بھی خود ہی شوبز میں نہ آنے کا فیصلہ کیا، یہ اُن کا ذاتی فیصلہ تھا، اس کے پیچھے کی وجہ میں خود بھی نہیں جانتا۔

اسی دوران دانش نواز نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر میری بہن شوبز انڈسٹری میں آجاتیں تو بالی ووڈ اسٹار کرینہ کپور کی جگہ چھین لیتیں، اسی وجہ سے ہم نے بہن کو شوبز سے دور رکھا۔

یہ بات سُن کر شو کی میزبان نے دانش نواز سے پوچھا کہ بہن کو شوبز سے دور رکھنے کی کوئی تو وجہ ہوگی؟

اس سوال پر اداکار خاموش رہے لیکن اُن کی بہن نے کہا کہ میرے دونوں بھائی مجھ سے ڈر گئے تھے اور اُنہیں ڈر تھا کہ کہیں اُن کی بہن شوبز میں اُن سے آگے نہ نکل جائے۔
Load Next Story