وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

وزیرِ اعظم بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے


ویب ڈیسک August 29, 2024
(فوٹو: فائل)

بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایئر پورٹ پر استقبال کیا جبکہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی بھی ایئر پورٹ پر استقبال کے لیے موجود تھے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

وزیرِ اعظم کوئٹہ میں بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے جبکہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔

اس کے علاوہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزرا شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کو صوبے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کے دوران فوجی جوان سمیت تقریباً 50 افراد شہید ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں