بیٹی کیساتھ ناجائز تعلقات کا شبہ دوست کو قتل کرنیوالا ملزم ساتھی سمیت گرفتار

ملزمان نے قتل کی سنگین واردات کے بعد لاش شاپر میں لپیٹ کر کھیتوں میں پھینک دی تھی، پولیس

ملزمان کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت روایتی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا : فوٹو : اسکرین گریب

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات کے شبے میں دوست کو قتل کرنے والے ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود کے نوٹس پر 27 سالہ ساجد کے اندھے قتل کی واردات پر کارروائی کی گئی۔

انچارج انویسٹی گیشن رائیونڈ رانا شرافت علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ساجد کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت روایتی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان زاہد رشید اور آصف نے 27 سالہ ساجد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، ملزمان اور مقتول آئس کے نشہ کے عادی تھے اور ملزم زاہد کے گھر میں اکھٹے ہی نشہ کرتے تھے۔

ملزم زاہد کو شک تھا کہ ساجد کے اس کی بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں، اسی شبے میں ملزمان نے ساجد کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔


مزید پڑھیں: راولپنڈی؛ 7بہنوں کے اکلوتے بھائی کو قتل کرنے والے 3ملزمان گرفتار

اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے بتایا کہ ملزمان نے قتل کی سنگین واردات کے بعد لاش شاپر میں لپیٹ کر کھیتوں میں پھینک دی تھی۔

ڈاکٹر انوش مسعود نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان کو مضبوط چالان مرتب کر کے منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے اندھے قتل کے ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
Load Next Story