عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی مقدمے میں 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور

لاہور ہائی کورٹ نے عالیہ حمزہ سے متعلق درخواست کی سماعت کی

عالیہ حمزہ وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں:فوٹو:فائل

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پرلاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمے میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے تحقیقاتی اداروں کو مزید کارروائی کیلئے قانونی دائرہ کار میں رہنے کا حکم دے دیا۔


جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنما اپنے سسر جمیل ملک اور وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر دہشتگردی الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عالیہ حمزہ نے اس مقدمے میں عبوری ضمانت حاصل کی ہے۔ عالیہ حمزہ کے وکیل نے کہا کہ ہمیں سائبر کرائم مقدمے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔ پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

عالیہ حمزہ نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 16 مہینے سے بات آگے بڑھ گئی ہے۔ میں یا تو گھر سے باہر ہوں یا عدالتوں میں گھر پر نہیں رہی۔ آج کی خواتین مردوں سے زیادہ مضبوط ہیں۔ آپ ہمارے نظریے اور سوچ کو قید نہیں کرسکتے۔
Load Next Story