کراچی میٹرک کے نتائج کا اعلان تینوں پوزیشنز طالبات کے نام

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے جنرل ریگولر اور پرائیویٹ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 58.86 فیصد رہا


عائشہ خان August 30, 2024
میٹرک بورڈ مین تینون پوزیشنز طالبات نے حاصل کرلیں—فوٹو: ایکسپریس

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک جنرل گروپ (ریگولر اور پرائیویٹ) اور سماعت و گویائی سے محروم طلبا و طالبات کے سالانہ امتحانات نہم و دہم 2024کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے اور تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کرلی ہیں۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات طارق کریم نے جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ اور سماعت و گویائی سے محروم طلبا و طالبات کے سالانہ امتحانات جماعت نہم و دہم برائے سال2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ نتائج کو جلد از جلد جاری کرنے میں اساتذہ کرام اور بورڈ کے عملے نے شب و روز امور کی انجام دہی یقینی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں 16 ہزار 384 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور امتحانات میں 16 ہزار 131 امیدوار شریک ہوئے جبکہ 253 امیدوار غیر حاضر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے التوا سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات متاثر ہونے کا خدشہ

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے رواں سال جنرل گروپ ریگولر میں تینوں پوزیشنیں اقرا حفاظ اسکول کی طالبات نے حاصل کیں۔

نتائج کے مطابق اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول الحمرا سوسائٹی ٹیپو سلطان روڈ کی لائبہ بنت محمد وسیم نے88.45 فیصد نمبرحاصل کر کے پہلی، اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول الحمرا سوسائٹی ٹیپو سلطان روڈ کی حبیبہ منیر بنت منیر احمد نے 88.18 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری اور اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول بلاک بی نارتھ ناظم آباد کی انشراح بنت محمد توفیق نے 88.09 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

جنرل گروپ ریگولر میں 10 ہزار 845 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے اور ان میں سے 2 ہزار 858 طلبا اور 7 ہزار 817 طالبات شامل ہوئیں اور کامیابی کا تناسب 62.65فیصد رہا۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق جنرل گروپ ریگولر میں کامیاب امیدواروں میں 93 اے ون گریڈ، 846 اے گریڈ، دو ہزار 85 بی گریڈ، دو ہزار 581 سی گریڈ، ایک ہزار 56 ڈی گریڈ اور 27نے ای گریڈحاصل کیا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں میٹرک اور انٹر کی سطح پر ای مارکنگ منصوبہ ایک بار پھر تعطل کا شکار

اسی طرح پرائیویٹ جنرل گروپ میں 5 ہزار 456 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 3 ہزار 635 طلبا اور ایک ہزار 821 طالبات شامل ہیں اور کامیابی کا تناسب 51.43 فیصد رہا۔

پرائیویٹ گروپ میں کامیاب امیدواروں میں 8 اے ون گریڈ، 192 اے گریڈ، 789 بی گریڈ، ایک ہزار 268 سی گریڈ،537 ڈی گریڈ اور 12 نے ای گریڈحاصل کیا۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے جنرل ریگولر اور پرائیویٹ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 58.86 فیصد رہا۔

مزید براَں سماعت و گویائی سے محروم خصوصی طلبا و طالبات میں دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف گلشن اقبال کے امجد اعظم ولد محمد اعظم نے87.45 فیصد نمبرکے ساتھ پہلی، دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف گلشن اقبال کی مریم بی بی بنت تنویر احمد نے 89.36 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری، دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف گلشن اقبال کے طحہ احمد ولد واصل احمد نے 89.00 فیصد نمبرکے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں میٹرک اور انٹر کی سطح پر ای مارکنگ منصوبہ شروع نہیں ہوسکے گا

سماعت و گویائی سے محروم طلبہ کے نتائج کے مطابق تینوں پوزیشنز دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف بلاک 3 گلشن اقبال کے طلبا و طالبات نے حاصل کی ہیں۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے میٹرک کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں