عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی زائرین کی جلد وطن واپسی متوقع
600 زائرین میں سے 350 آج رات کراچی پہنچ جائیں گے اور پھر یہی جہاز واپس آ کر باقی زائرین کو کل صبح کراچی لے جائے گا
عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہونے کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے نوٹس لے لیا۔
وفاقی وزیر برائے مذ ہبی امور چوہدری سالک حسین نے عراق میں پاکستانی سفیر ذیشان احمدسے ٹیلیفون پر رابط کیا، پاکستانی سفیر نے بتایا کہ عراق میں پاکستانی مشن ساری صورت حال کو دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امیگریشن وزارت خارجہ عراقی ایئرویز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
پاکستانی سفیر ذیشان احمد نے مزید بتایا کہ عراق میں بغداد ایئر پورٹ پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہونے والی خبریں غلط ہیں، تمام صورت حال ٹورزم کمپنیوں کی بدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہوئی، تمام زائرین بغداد ایئرپورٹ پر موجود ہیں جنہیں کھانا سمیت تمام سہولیات فراہم کر دی گئیں ہیں۔
پاکستانی سفیر ذیشان احمد نے کہا کہ 600 زائرین میں سے 350 آج رات کراچی پہنچ جائیں گے اور پھر یہی جہاز واپس آ کر باقی زائرین کو بھی کل صبح کراچی لے جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے مذ ہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے اور زائرین کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا ہے کہ زائرین پریشان نہ ہوں حکومت اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔