عوام کو ریلیف کیلئے تمام سیاسی قیادت کے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے نواز شریف

وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر نواز شریف کو اعتماد میں لیا۔


ویب ڈیسک August 31, 2024
عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے بڑا سیاسی فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں ، حکومتوں اور اداروں کو مل کر فیصلے کرنے کی تجویز پیش کردی۔

نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس میں وزیر اعظم شہبازشریف ، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور حمزہ شہباز، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور رانا ثنااللہ ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔

محمد نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کاثبوت ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام سیاسی اور حکومتی قیادت اور اداروں کے مل بیٹھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کےلئے وسائل مہیا کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا اور نئے قومی معاشی پلان کے حوالے سے بریف کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر بھی پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں