کراچی ایئرپورٹ پر طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل

ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے تمام ایوی ایشن کمپنیوں کو اپنے تمام اثاثہ جات کی حفاظت کی تاکید کی گئی ہے

جناح ٹرمینل ائیرپورٹ کراچی میں طوفانی بارشوں سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی اور ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی۔

کراچی ائیرپورٹ کی انتظامیہ نے طوفانی بارشوں کے متعلق نیا الرٹ جاری کردیا ہے اور ائیرپورٹ پر کام کرنے والی ائیرلائنز،گراؤنڈ ہینڈلنگ اور جنرل ایوی ایشن ایریا کی ایوی ایشن کمپنیوں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔


الرٹ کے ذریعے کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث طیاروں کو محفوظ مقامات پر پارک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام ایوی ایشن کمپنیوں کو اپنے تمام اثاثہ جات کی حفاظت کی تاکید کی گئی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے، ائیرپورٹ پر پارک تمام طیاروں کو کسی بھی حادثے سے محفوظ رکھنے کے لیے ائیرسائیڈ ایریا منیجر ذمہ دارہوں گے۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران ایمرجنسی کی صورت کراچی ائیرپورٹ کے ڈیوٹی ٹرمینل منیجر اور ائیرسائیڈ ایریا منیجرکے نمبرز پر فوری رابطہ کرکے آگاہی دی جاسکتی ہے۔

Load Next Story

پاکستان