اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں حملے 22 فلسطینی شہید اسرائیلی فوجی بھی ہلاک

اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپوں پر حملوں کا آج مسلسل پانچواں روز ہے

اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں مسلسل پانچویں روز حملے، 22 فلسطینی شہید اور ایک اسرائیلی فوجی ہلاک

آج مسلسل پانچویں روز بھی قابض اسرائیل کی برّی اور فضائی افواج نے مغربی کنارے کے علاقوں جنین، طولکرم اور طوباس کے پناہ گزین کیمپوں پر حملے جاری رکھے۔

عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے علاقوں میں اسرائیلی ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں نے پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کی اور اسرائیلی ٹینکوں نے نہتے فلسطینیوں پر چڑھائی کردی۔

صیہونی ریاست کی قابض فوج نے پناہ گزین کیمپوں میں نہتے فلسطینیوں پر گولیاں برسائیں اور نجی املاک کو نذر آتش کردیا۔ صیہونی فوج کی جابرانہ کارروائیوں میں اب تک 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔


شہید ہونے والوں میں اسلامی جہاد کے کمانڈرز بھی شامل ہیں جب کہ آج ہونے والی ایک جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار بھی مارا گیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپوں میں حماس، اسلامی جہاد اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے کمانڈرز کی موجودگی کے بہانے ان علاقوں کا مسلسل 5 روز سے محاصرہ کر رکھا ہے۔

غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 700 کے قریب پہنچ گئی جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔

 
Load Next Story