بھارتی اداکارہ سیما پہوا نے پاکستانی ڈراموں کو زبردست قرار دیدیا

ہم بھارتی فنکار تو پاکستانی لکھاریوں کے تحریر کردہ جیسے ڈراموں میں کام کرنے کیلئے ترس گئے ہیں، سیما پہوا


ویب ڈیسک September 01, 2024
پاکستانی ڈراموں نے حیران کیا : سیما پہوا ( فوٹو : فائل)

بھارت کی سینیئر اداکارہ و ہدایتکارہ سیما پہوا نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے اُن کی کہانی اور کرداروں کو زبردست قرار دیا ہے۔

سینیئر اداکارہ سیما پہوا نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی ڈراموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانی تو بہت اچھی ہوتی ہی ہے لیکن اُن ڈراموں میں جو اُردو زبان استعمال کی جاتی ہے وہ بھی قابلِ تعریف ہے کیونکہ ہم تو بھارت میں اُردو زبان سُننے کو ترس گئے ہیں۔

سیما پہوا نے کہا کہ جس طرح پاکستانی ڈراموں میں رشتوں کی تفصیل دکھائی جاتی ہے، وہ ہم کبھی اپنے ڈراموں اور فلموں میں دکھا ہی نہیں سکے، میں تو پاکستانی ڈرامے دیکھ کر دنگ رہ گئی اور سوچنے لگی کہ کوئی اتنا شاندار کام کیسے کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کو پاکستانی ڈراموں سے سیکھنا چاہیے، بھارتی اداکار

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ ساز ایک کردار کو ہی اتنا خوبصورت بنا دیتے ہیں کہ دیکھنے والا حیران رہ جاتا ہے، ہم بھارتی فنکار تو پاکستانی لکھاریوں کے تحریر کردہ جیسے ڈراموں میں کام کرنے کے لیے ترس گئے ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ مجھے بہت سارے پاکستانی ڈرامے پسند ہیں لیکن میرا سب سے پسندیدہ پاکستانی ڈرامہ 'سنگِ مرمر' ہے، اس ڈرامے میں بہو کا منفی کردار بڑے ہی شاندار انداز میں دکھایا گیا تھا، پھر اُس منفی کردار کے لیے ڈرامے میں گانا بھی شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکارہ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہشمند

سیما پہوا نے مزید کہا کہ ڈرامہ نگار نے جس طرح اپنی تحریر میں بہو کے منفی کردار کو اُبھارا، وہ قابلِ تعریف ہے، انہوں نے اس منفی کردار سے جذبات کو جوڑ دیا، آپ ڈرامہ بنانے والوں سے اور کیا چاہتے ہیں، جو آپ کو منفی کرداروں سے بھی جوڑ دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے