اقتدار میں آکر 9 مئی کی سازش کرنیوالوں کو بے نقاب کریں گے بیرسٹر سیف

نالائق ٹولے کے پاس میڈیا میں زندہ رہنے کیلئے 9 مئی اور بانی پی ٹی آئی کے سوا کچھ نہیں ہے، ڈاکٹر سیف

(فوٹو: فائل)

پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ہم اقتدار میں آکر 9 مئی کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کریں گے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خودساختہ ارسطو احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی سازش کے بعد پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوئی ہے، 9 مئی پی ٹی آئی کے خاتمہ کی سازش تھی جو شرمندہ تعبیر نہ ہوئی۔

اُنہوں نے کہا کہ جوڈیشل انکوائری سے واضح ہوجائے گا کہ 9 مئی کے اصل محرکات کیا تھے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے اس لئے جوڈیشل کمیشن نہیں بنارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہزار بار کہا ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائی جائیں۔


مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی واقعے پر معافی تک مذاکرات نہیں ہوسکتے، احسن اقبال

اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ 9 مئی کا منہ توڑ جواب عوام نے 8 فروری کو پی ٹی آئی پر اعتماد کرکے دیا تھا، 9 مئی کے ڈرامے پر جعلی حکومت کو مستعفی ہوکر پی ٹی آئی سے معافی مانگنی چاہیئے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ نالائق ٹولے کے پاس میڈیا میں زندہ رہنے کے لیے 9 مئی اور بانی پی ٹی آئی کے سوا کچھ نہیں ہے، خودساختہ ارسطو سمیت تمام لیگی رہنما جب میڈیا سے اؤٹ ہوجاتے ہیں تو 9 مئی پر بیان داغ دیتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جعلی ارسطو سمیت تمام قائدین فارم 47 اور الیکشن کمشنر کے سہارے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔
Load Next Story