وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی اور شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن " ضرب عضب " پر تبادلہ خیال کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران فوج کو ملنے والی کامیابی کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی مہارت کی وجہ سے عوام کا نقصان نہیں ہورہا جبکہ فوج سمیت تمام اداروں کا مربوط انداز میں کام کرنا باعث اطمینان ہے۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو بتایا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق " آپریشن ضرب عضب " پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ متاثرہ علاقے سے نقل مکانی کر کے بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں قائم خیموں میں قیام پذیر متاثرین کے لئے پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیا جارہا ہے۔