ریلوے میں ہزاروں آسامیاں ختم کرنے پرپریم یونین کا احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان
حکومت نے اگر آسامیاں ختم کرنی ہی ہیں تو اس کا آغاز گریڈ 17 اور ایم پی ون اسکیل کے افسران سے کیا جائے، یونین رہنما
ریلوے میں 13 ہزارسے زائدآسامیاں ختم کرنے پرریلوے ملازمین کی پریم یونین نے ملک گیراحتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان کردیا۔ 4 ستمبر کواوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پراحتجاجی جلسہ ہوگا۔
پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور، سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ایک طرف شدید مہنگائی اور بجلی بلوں نے ملازمین کی کمرتوڑرکھی ہے تو دوسری طرف ان کے سر پر نوکریوں کے خاتمے کی تلوارلٹکادی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کو ریلیف نہیں دے سکتی تو تکلیف بھی نہ دے، نوکریوں سے برطرفیاں صرف گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کیلیے ہیں،افسران کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومت نے اگر آسامیاں ختم کرنی ہی ہیں تو اس کا آغاز گریڈ 17 اور ایم پی ون اسکیل کے افسران سے کیا جائے جو بھاری اور پرکشش معاوضے لے کر اعلیٰ عہدوں پر فائزہیں،ریلوے ملازمین کوجس ذہنی اذیت سے دو چار کیا جارہا ہے وہ حکومت کے گلے میں ہڈی بن جائے گا۔
پریم یونین کے راہنماؤں نے کہاکہ ریلوے ملازمین نے اپنی شبانہ روز کارکردگی سے ریلوے کوخسارہ سے نکال کر ملکی تاریخ میں پہلی بار منافع بخش ادارہ میں تبدیل کردیا ہے لیکن حکومت نے ان ملازمین کے مطالبات سے آنکھیں پھیر رکھی ہیں۔
ایک طرف تو ریلوے کے مزدوروں نے شب و روز محنت کرکے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 88 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے تو دوسری طرف ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنا ریلوے انتظامیہ کی بے حسی کی بدترین مثال ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئی پی پیز اوربینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نام پر من پسند افراد کو نوازنے کیلیے کھربوں روپے کا بجٹ موجود ہے لیکن ریلوے ملازمین کیلیے حکومت کے پاس بجٹ نہیں ہے۔
پریم یونین نے حافظ سلمان بٹ مرحوم کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے حقوق کی جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا اسے ہر حالت میں جاری رکھا جائے گا۔کسی کو ریلوے ملازمین سے زیادتی نہیں کرنے دی جائے گی، پریم یونین 4 ستمبر کو اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پراحتجاجی جلسہ کرے گی، لاہور سے خیبر میل 2 ڈاؤن کے ذریعے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن روانہ ہوں گےاور انشاء اللہ راستے میں تمام اسٹیشنوں پر پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور خطاب کریں گے ۔