ٹیکس میں اضافے کے باوجود ایف بی آر ہدف حاصل نہیں کرپایا ایف پی سی سی آئی

ایف بی آر کو دو ماہ میں ہی 98 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا رہا، عاطف اکرام شیخ

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی )کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ٹیکس میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر 1800 ارب روپے ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کے باوجود فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اپنا ہدف حاصل نہیں کرپایا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے اضافی ٹیکس لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، عوام پر 1800 ارب روپے کے ٹیکس کا بوجھ ڈال کر بھی ایف بی آر ہدف حاصل نہیں کرسکا۔


انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو دو ماہ میں ہی 98 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا رہا، کاروباری اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ اور برآمدی شعبے کو متاثر کیا گیا۔

عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی ایف بی آر کی نالائقی کی عکاسی ہے، پاکستان میں ٹیکسوں کی شرح بڑھانے کے بجائے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے خدشات کا اظہار کیا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام کے حصول کے لیے اب حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کی شرح مزید بڑھانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
Load Next Story