میانوالی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا راکٹ لانچرز سے حملہ

ڈی ایس پی عیسی خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود ہیں


ویب ڈیسک September 02, 2024
(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

تھانہ عیسی خیل میانوالی کی قبول خان پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔

چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ تھے، شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات 2 جوان گولی لگنے سے زخمی ہو گئے، دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی اختر فاروق فوری طور چیک پوسٹ پہنچے وہ بالائی مورچے پر خود گئے اور جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی۔

ڈی ایس پی عیسی خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او میانوالی اور چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 9 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا، پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس انشا اللہ آئندہ بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے گی۔
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں