کراچی میں لڑکی سمیت 5 لاپتا شہریوں کا سراغ مل گیا

لاپتہ شہری خادم، حماد، عمیر عزیز اور معیز گھر واپس آگئے، لڑکی تانیہ نے اپنی مرضی سے شادی کرلی، پولیس


کورٹ رپورٹر September 02, 2024
لاپتہ شہری خادم، حماد، عمیر عزیز اور معیز گھر واپس آگئے، لڑکی تانیہ نے اپنی مرضی سے شادی کرلی، پولیس

سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر شہریوں کی بازیابی کے لیئے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

پولیس حکام نے رپورٹس جمع کرائیں۔ لڑکی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتا 5 شہریوں کا پولیس نے سراغ لگا لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاپتہ شہری خادم، حماد، عمیر عزیز اور معیز گھر واپس آگئے ہیں۔ لڑکی تانیہ نے اپنی مرضی سے شادی کرلی ہے۔

عدالت نے پانچوں لاپتا افراد کی بازیابی کی درخواستیں نمٹادیں اور بچی فروا سمیت دیگر کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کسی کا بچہ لاپتا ہے ان کی حالت دیکھیں اور بچہ تلاش کریں۔

سرکاری وکیل نے مؤقف دیا کہ کچھ لاپتا افرادکے اہلخانہ پولیس سے رابطے میں نہیں ہیں۔ بیشتر لاپتا افراد کے اہلخانہ جے آئی ٹیز اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوتے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جن لاپتا افراد کے اہلخانہ کیسز کی پیروی نہیں کررہے انہیں بھی تلاش کیا جائے۔ شہری مطیع اللہ اور دیگر کی بازیابی کے لیے مارڈن ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے۔ شہری کورنگی، لانڈھی، سچل، ائیرپورٹ اور دیگر علاقوں سے لاپتا ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔