کراچی متعدد وارداتوں میں ملوث گینگ کے چار اہم کارندے گرفتار
گرفتار ملزمان کا گینگ 10 ارکان پر مشتمل ہے اورعموماً گھروں میں ڈکیتیاں کرتا ہے، پولیس حکام
سرجانی ٹاؤن پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے متعدد وارداتوں میں ملوث مطلوب گینگ کے چار اہم کارندوں کو گرفتار کرکے ان سے غیرقانونی اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد صدیق عرف ظفر، ارشاد علی عرف خلیفہ، محمد شاہداور ندیم عرف نوید شامل ہیں جن سے غیر قانونی اسلحہ، چھینے گئےموبائل فونز اورنقدی برآمد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا گینگ 10 ملزمان پر مشتمل ہے، یہ گینگ عموماً گھروں میں ڈکیتیاں کرتا ہے جبکہ گرفتار ملزم ندیم عرف نوید مختارکارکےقتل کے مقدمے میں بھی مفرورومطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتارملزم ارشاد عرف خلیفہ ڈکیتی اور اسلحے کےمقدمات میں مفرور و مطلوب تھا جبکہ اس کی بیوی پہلے گرفتار ہوگئی تھی۔
حکام کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ 11 دسمبر 2023 کو روزی گوٹھ میں گھر میں ڈکیتی کی تھی، جبکہ ملزمان نے 29 مئی 2024 کو سیفل المری گوٹھ میں باڑے پر واردات کی تھی اور لوٹے گئے مویشی اندرون سندھ بھیج دیےتھے، اس واردات کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن میں درج ہوا تھا۔
ملزمان نے 28 اگست 2024 کو بھی سیفل المری گوٹھ میں واقع ایک اور باڑے میں واردات کی تھی مگر پولیس کے بروقت پہنچنے پر ملزمان مویشی، ٹرک اور اپنی ایک موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔
ملزمان کا گینگ واردات سے قبل روزی گوٹھ میں واقع نجی ہوٹل پر رات 3 بجے جمع ہوتا تھا، واردات کے لیے ریکی ارشاد علی عرف خلیفہ کرتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش مزید بھی درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جن کے مقدمات کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔