سی پیک کی اپ گریڈیشن کیلیے ملکر کام کرنے کا چینی قیادت کا ویژن لائق تحسین ہے وزیراعظم
پاکستان چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت و دیگر شعبوں میں اشتراک کے فروغ کا خواہاں ہے، چینی سفیر سے گفتگو
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ہے۔
پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن کے لیے مل کر کام کرنے کا چینی قیادت کا ویژن لائق تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اورچین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ہے۔
شہباز شریف نے چینی وزیراعظم سے گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید زراعت و دیگر شعبوں میں اشتراک کے فروغ کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔