پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اقوام متحدہ کا تعاون قابل تعریف ہے سینیٹر محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ و ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمدیحییٰ سے ملاقات


Irshad Ansari September 02, 2024
فوٹو- فائل

وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پالیسی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون قابل تعریف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ و ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمدیحییٰ سے ملاقات میں کیا۔

محمد یحییٰ نے وزیر خزانہ کو اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں ترقیاتی اور انسانی امداد کے منصوبوں پر کام کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے یونیس کیپ(یواین ای ایس سی اے پی) کی کامیابیوں اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں قرض کے استحکام کے لیے ادارے کے کام اور اقدامات سے بھی وزیر خزانہ کوآگاہ کیا انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبہ میں تبدیلیاں پاکستان کے ساتھ ممکنہ تعاون کے لیے ایک اہم شعبہ ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موسمیاتی، مالیات اور توانائی کے شعبہ میں تبدیلی ملک میں توانائی کے شعبے کی عملداری کو بہتر بنانے کے لیے ضروری شعبے ہیں اور اس سلسلے میں یونیس کیپ کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

فریقین نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنج سے نمٹنے اور معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچانے والے پائیدار حل پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔